ماسکو // ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2روزہ دورے پر روس پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق کریملن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ترجمانوں کے ذریعے مختلف موضوعات پر بات چیت کی،جن میں ویانا میں جاری مذاکرات اور یوکرائنی تنازع سرفہرست رہا۔ امریکا اور روس کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دورے کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔اس دوران ایران نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحدی علاقے سے متعلق سمجھوتے پر تشویش کا اظہار کردیا،جس کے تحت آذربائیجان ایران سے ا?رمینیا کو الگ کرنے والی سرحدی پٹی کے راستے کو کنٹرول کرنے کا مجاز ہے۔ مذہبی رہنما خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران سرحدوں کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ہم قفقاز کے معاملے پر بہت حساس ہیں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ ایران کی سرحدوں پر کوئی تبدیلی نہیں چاہتے۔ سرحدوں پر تبدیلی سے ہماری سلامتی پر اثرات مرتب ہوں گے۔ واضح رہے کہ ا?رمینی صوبے سیونک سے گزرنے والی سرحدی پٹی کا فاصلہ 35 کلومیٹر ہے۔