یواین آئی
لندن/ہندستانی ایک روزہ ٹیم کے اوپننگ بلے باز روہت شرما نے کہا ہے کہ وہ اپنی فارم کو لے کر ہونے والی تنقید سے پریشان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘اگر شور شرابہ نہ ہو، تو مزہ نہیں’۔لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں سنچری بنانے کے بعد روہت شرما نے کہا کہ وہ اپنی فارم کے حوالے سے ہونے والی تنقید سے پریشان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی “شور” نے کبھی بھی ان کے کھیلنے کے انداز پر اثر نہیں ڈالا۔ اس میچ میں روہت نے اپنی 34 ویں ون ڈے سنچری اور لارڈز میں اپنی پہلی سنچری بنا کر ان تمام سوالات کا جواب دے دیا۔ تاہم، 110 گیندوں پر ان کی 138 رنز کی اننگز کے باوجود ہندستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم سیریز 1-2 سے ہار گئی۔ میچ کے بعد روہت نے کہا کہ بیرونی آراء پر توجہ دینے کے بجائے ان کی توجہ ہمیشہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر رہی ہے ۔انہوں نے کہا، “دیکھیے ، میرا کام بلے بازی کرنا، کھیلنا اور اپنے ملک و ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے ۔ ڈیبیو کے وقت سے ہی مجھے یہی کرنے کے لیے کہا گیا ہے اور میں یہی کرتا رہوں گا۔ جب میں نے ڈیبیو کیا تھا، تب بھی شور شرابہ تھا۔ اور جب تک میں یہاں رہوں گا، یہ شور شرابہ ہوتا رہے گا۔ اس لیے اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ اہمیت اس بات کی ہے کہ میں میدان پر کیا کرتا ہوں۔ ٹیم کی کامیابی میں شراکت داری کی کوشش کرتا ہوں۔”