پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر عرصہ دراز سے لوگ شکایت کر رہے تھے کہ کچھ لوگ اپنے پالتوں جانوروں کو اپنے مفاد کے لئے استعمال کر کے ان کو یونہی آوارہ چھوڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور وہ بے زبان جانورو بھی ادھر ادھر لاوارث گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں۔اس دوران انتظامیہ کی جانب سے کئی بار ان لوگوں کو انتباہ دیا گیا لیکن جانور کے مالکان پر کوئی اثر نہیں ہوا جس کے بعد اب محکمہ میونسپل کونسل نے ان جانوروں کو اپنی تحویل میں لینا شروع کردیا۔اس دوران کچھ گھوڑوں کے مالکان بھی آکر مداخلت کرنے لگے تو ان سے میونسپل کونسل کے افسران نے جرمانہ وصول کیا۔انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے سماجی کارکن مولوی فرید ملک نے کہا کہ ایسے مفاد پرست افراد معاشرے کے لئے نہایت خطرناک ہوتے ہیں جو اپنے مفاد کے لئے بے زبان جانوروں کا استعمال کرتے ہیں جب ان کی ضرورت نہیں ہوتی تو ان کو لاوارثوں کی طرح چھوڑ دیتے ہیں۔انھوں نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی کریں تاکہ مستقبل میں کوئی بھی یہ حرکت نہ کرے۔چیف ایگزیکٹوافسر محکمہ میونسپل کونسل پونچھ مشتاق احمد نے کہا کہ ان کا محکمہ ایسے افراد کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی کرے گا جو اپنے مفاد کے لئے گھوڑوں اور دوسرے جانوروں کا استعمال تو کرتے ہیں لیکن ان کے کھانے پینے کا انتظام نہیں کرتے ہیں۔انھوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جانوروں کا پورا خیال رکھیں۔