راجوری //نوجوانوں کے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے ایک پہل کے طور پر آن لائن گائیگی مقابلہ ہواجس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین نوجوانوں کو انعامات سے نوازاگیا۔سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بک پر راجوری پونچھ ٹیلنٹ کے نام سے راجوری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکارترن ایس وسن کی طرف سے اس مقابلے کا اہتما م کیاگیا جس میں ڈوگری ، پہاڑی اور گوجری زبانوں میںگانے گائے گئے ۔ اس مقابلے میں لگ بھگ دو درجن نوجوانوںنے حصہ لیا اور ان میںسے سب سے زیادہ شیئر ، کمنٹ اور دیکھنے کی بنیاد پر تین نوجوانوںکو کامیاب قرار دے کر انہیں انعامات سے نوازاگیا۔ان نوجوانوں میں فریدہ بیگم ساکن کوٹرنکہ نے پہلی پوزیشن ، ناصر حسین ساکن سرنکوٹ نے دوسری اور شاہ زرین اختر ناری نکیتن راجوری نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔اس سلسلے میں پریس کلب راجوری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ بلال احمد مہمان خصوصی اور ضلع سوشل ویلفیئر افسر عبدالخبیر مہمان ذی وقار کے طور پر شریک تھے جبکہ اس موقعہ پر انسپکٹر رنجیو بھسین ، سدرشن کماری ، اشوک کمار ودیگران نے بھی شرکت کی ۔