جموں//ریاستی روڈ ویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن ’جے کے ایس آر ٹی سی ‘ سے رضاکارانہ طور پر سبکدوش ہونے والے ملازمین کی طرف سے اپنی مانگوں کے حق میں بدھ کے روز زور دار مظاہرہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارپوریشن نے ان کے ساتھ فراڈ کیا ہے اور ان کو دی گئی یقین دہانیوں کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے ۔ آل جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی والنٹیر ریٹائرڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے بینر تلے ان ملازمین نے بقایہ جات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کولا کی کئی اقساط بھی واجب الادا ہیں جب کہ رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ حاصل کرنے پر دی جانے والی یکمشت رقومات بھی ادا نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آر ٹی سی کے ان سبکدوش شدہ ملازمین نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ کارپوریشن کی سیوا کے لئے وقف کر دیا تھا لیکن اب جب کہ وہ ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔