جموں //محکمہ دیہی ترقی کی سیکرٹری شیتل نندا نے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پنچایتی بھون جموں میں رورل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی چیو ٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ دیہی ترقی ریحانہ بتول، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم ( اُمید) عبدالرشید وار ، چیف اوپریشن آفیسر امید کپل شرمااور جے کے بینک ، ایس بی آئی اور نبارڈ کے نمائندے موجود تھے۔میٹنگ میں آرایس ای ٹی آئی کو اراضی کی الاٹمنٹ ، آر ایس ای ٹی آئی کمپلیکس کی تعمیر اور ایس آر ایل ایم / حمایت کی طرف سے آر ایس ای ٹی آئیز کو تربیت کی اخراجات فراہم کرنے پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔سیکرٹری موصوف نے 15؍دسمبر 2018ء تک لیز ڈیڈ کو حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیگر لوازمات کو مکمل کرتے ہوئے جیسے کہ بلڈنگ ڈیزائن کی منظوری 31؍ جنوری 2019ء تک مکمل کی جانی چاہیئے اور اسے نیشنل انسٹی چیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ ( این آئی آر ڈی ) کو بھیجا جائے ۔اُنہوں نے دو ہفتوں کے اندر اراضی کی حصولیابی سے متعلق تمام اِلتو ا میں پڑے معاملات کو حل کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ کے دوران ایم ایس ایم ای کی طرف سے خصوصی کریڈٹ لیکیج مہم کے معاملے پر غور و خوض کیا گیا۔ بعد میں شیتل نندا نے حمایت سکیم کے تحت مختلف اضلاع کے لئے پبلسٹی اور موبیلائزیشن وینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔