سرینگر //3ہفتوں کے بعد آج شام سے وادی میں موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 27تک وادی میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی اور کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اس دوران جموں سرینگر شاہراہ اور لداخ شاہراہ سمیت دیگر سڑکوں پر پسیاں اور پتھر گر سکتے ہیں جبکہ کھت کھلیانوں میں بھی پانی بھر سکتا ہے ۔پچھلے قریب 3ہفتوں سے وادی میں موسم خوشگوار ہے اور دن میں اچھی خاصی دھوپ بھی کھلی رہتی ہے جبکہ درجہ حرارت میں بھی بہتری آئی ہے ۔سرینگر میں درجہ حرات میں بہتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں دن کا درجہ حرارت 18.6ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 1.4ڈگری تھا ۔قاضی گنڈ میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19.4ڈگری، جبکہ رات کا 0.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔سیاحتی مقام پہلگام میں زیادہ سے زیادہ 15.9ڈگری جبکہ رات کا 1.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ میں دن کادرجہ حرارت 10.0ڈگری او ر کم سے کم منفی 0.5ڈگری سیلسیش رہا ۔محکمہ کے مطابق 27تک موسم تبدیل رہیگا۔ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شروع ہو گا جبکہ 25اور26کو اس کا اثر زیادہ رہے گا ۔مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ شاہرائوں پر سفر کے دوران ٹرایفک پولیس کے ساتھ رابطے میں رہیں