سرینگر//ایشیاء کے سب سے بڑے باغ گلہ لالہ( ٹولپ گارڈن) کوآج یعنی25مارچ کومقامی و بیرون سیلانیوں کیلئے کھول دیاجائیگا۔اس موقعہ پروزیراعظم نریندرمودی نے ملک بھرکے لوگوںسے اپیل کی ہے کہ وہ لاکھوں پھولوں سے بھرے ٹولپ گارڈن کودیکھنے کیلئے کشمیرضرورجائیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں واقع باغ گل لالہ یعنی’ ٹولپ گارڈن‘ ضرور جائیں۔ خیال رہے کہ زبرون پہاڑوں کے دامن میں واقع ٹولپ گارڈن میں 64سے زیادہ اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ موجود ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر باغ کی 4تصاویر شیئر کی ہیں جس کیساتھ ہی انہوں نے ٹیوٹ کرتے ہوئے کہا ہے’’ 25 مارچ جموں و کشمیر کے لئے خاص ہے، کیونکہ اس دن’’ ٹیولپ باغ ‘‘کوعام لوگوں اورسیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ میں 64 سے زیادہ اقسام کے 15 لاکھ سے زیادہ ٹولپ پھول کھلے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر تشریف لائیں اور براعظم ایشیاء کے سب سے بڑے ٹیولپ باغ کا دورہ کریں ، جسے 25مارچ کوکھول دیاجائیگا۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا’’جب بھی آپ کو موقع ملے، جموں و کشمیر کا دورہ کریں اور قدرتی ٹولپ فیسٹیول دیکھیں۔ ٹولپس کے علاوہ، آپ جموں و کشمیر کے لوگوں کی پرتپاک مہمان نوازی کا بھی تجربہ کریں گے۔عمومی طور پر ٹولپ گارڈن یک اپریل سے 30مئی تک کھولا جاتا رہا ہے لیکن امسال اسے ایک ہفتہ پہلے ہی کھولا جارہا ہے۔معلوم ہواکہ محکمہ سیاحت نے ضلع انتظامیہ سرینگراورپولیس کے اشتراک سے دنیا بھرمیں مشہور کشمیر کے باغ گل لالہ کوکھولنے کی سبھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ سیکریٹری ٹورازم سرمدحفیظ اورڈائریکٹر ٹورازم ڈاکٹر جی این ایتو نے بدھ کے روز ٹولپ گارڈن کادورہ کیا ۔بدھ کو بھی یہاں لوگوں اور بیرون ریاست کے سیاحوں کو دیکھا گیا، جو پھولوں کی خوبصورتی کا لطف اٹھا رہے تھے لیکن اسے باضابطہ طور پر آج کھولا جارہا ہے۔ باغ گل لالہ میں پھولوں کی ایسی مہک پائی جاتی ہے کہ یہاں ایک بارآنے والے مقامی لوگوںاورسیاح کئی بار آنا پسند کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ یہاں آنے والے لوگوںاورسیاحوںکوفوٹو گرافی کی اجازت ہے لیکن اسبات کاخاص خیال رکھاجائیگا کہ اس دوران پھولوں کوکوئی نقصان نہ پہنچے ۔ٹولپ گارڈن کو دیکھنے کیلئے محکمہ ٹورازم نے بالغوں کیلئے 50روپے(+18%GST)جی ایس ٹی کی ٹکٹ رکھی ہے۔ بچوں کیلئے 20 روپے(+18%GST) رکھی گئی ہے۔