کانپور //یو این آئی //اترپردیش کے ضلع کانپور دیہات میں اپنے آبائی گاوں پرونکھ کی سرزمین کو بوسہ دیتے ہوئے جذباتی ہوکر صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ پیداکرنے والی ماں اور جائے پیدائش کا فخر جنت سے بھی بڑاہوتا ہے جس کا احساس یہاں آکر انہیں ہوا ہے ۔تین روزہ دورے پریہاں آئے مسٹرکووند طے شدہ پروگرام کے مطابق اتوارکی صبح سب سے پہلے اپنے آبائی ضلع کانپور دیہات کے اپنے گاوں پورونکھ پہنچے ۔ ہیلی کاپٹر سے اترکر صدر نے سب سے پہلے سرزمین کی مٹی کو پیشانی سے لگایا اوربعد میں وہ گاوں میں پتھری دیوی کے مندر پہنچے اوردرشن پوجن کیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ سویتا کووند، وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اورگورنر آنندی بین پٹیل موجودرہے ۔ مندر میں درشن کرنے کے بعد انہوں نے گاوں والوں استقبال کرتے ہوئے سبھی کا شکریہ اداکیا۔پرونکھ گاوں میں عوامی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرنے کہا ‘‘جائے پیدائش سے جڑے ایسے ہی خوشی اور فخر کااظہارکرنے کے لئے سنسکرت میں کہا گیا ہے ‘جننی جنم بھومیشچ سورگادپی گریسی’ مطلب پیداکرنے والی ماں اورجائے پیدائش کا فخر سورگ سے بھی بڑھ کر ہوتا ہے ۔