لندن //لندن کے ہسپتالوں میں اومی کرون کی وبا کے باعث سٹاف کی قلت سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کی جائے گی۔ برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ لندن میں تقریباً 200 فوجی طبی کارکنان کی مدد کے لیے پہنچیں گے۔واضح رہے کہ لندن میں کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر ہسپتالوں میں سٹاف کی شدید قلت ہے۔وزیر دفاع بین والس کا کہنا ہے کہ ’ہماری مسلح افواج کے مرد اور خواتین ایک بار پھر این ایچ ایس (نیشنل ہیلتھ سروس) میں اپنے محنتی ساتھیوں کی مدد کریں گے، جو قوم کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘بین والس کا مزید کہنا تھا کہ ’انہوں نے اس وبا کے دوران بار بار اپنی قابلیت کا مظاہرہ کیا ہے، چاہے وہ ایمبولنس چلانے کے معاملے میں ہو، ویکسین لگوانے کے معاملے میں یا ہسپتال میں مریضوں کی مدد ہو، اور انہیں اس قومی کوشش میں اپنے کردار پر فخر ہونا چاہیے۔‘