پونچھ // ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ضلع ترقیاتی کونسل او ر بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل اراکین کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین تعظیم اختر ،وائس چیئر مین اشفاق احمد کے علا وہ تمام ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ممبران اور ضلع اور سیکٹرل افسران نے شرکت کی۔اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران اجلاس ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے لئے سرکار کی جانب سے دس کروڑ روپئے واگزار کئے گئے ہیں تاکہ ضلع میں ترقیاتی کام کروائے جا سکیں ۔انہوں نے شرکاء کو اس ضمن میں ڈسٹرکٹ کپکس پلان تشکیل دینے کو کہا تاکہ منصوبہ بند طریقہ سے رقومات کو زمینی سطح پر صرف کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن ، ڈی ڈی سی نائب چیئر مین ڈی ڈی سی ممبرا ن اور بی ڈی سی ممبران با اتفاق رائے تشکیل دیں گے تاکہ سبھی کی مرضی سے عوامی بہبود کے لئے تعمیراتی کام انجام دیئے جائیں۔تمام شرکاء نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے اقدام کو سراہا اور یقین دلایا کہ ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے گا۔