جموں //ریاستی انتظامیہ کو زعفرانی رنگ دئیے جانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے پینتھرز پارٹی نے جموں کشمیر کے دورہ پر آئے الیکشن کمیشن آف انڈیا وفد کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ۔ پارٹی کارکنان کی طرف سے پریس کلب میں کئے گئے مظاہرہ کے دوران پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات بیک وقت کروائے جانے کی بھی مانگ کی۔مقررین نے کہا کہ ریاست میں صاف و شفاف انتخابات منعقد کروانے کےلئے موجودہ سیکورٹی صورتحال میں سدھارکی بھی اشد ضرورت ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی کے ریاستی چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ ریاست میں انتخابات سے قبل انتظامیہ میں بڑھتا ہو زعفرانی اثر رسوخ تشویش ناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں صاف و شفاف انتخابات منعقد کروانے میں اپنا رول ادا کرے ۔موصوف نے کہاکہالیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے سیاسی مفاد کےلئے انتظامیہ میں مداخلت کرنے پر روک لگائے تا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ چناﺅ کروانے کے نظریہ کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔یاد رہے کہ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کا ایک وفد پیر کی شام کو جموں پہنچاہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر ہرشدیو سنگھ نے کہا کہ مجوزہ انتخابات کے پیش نظرسیاسی آقاﺅں کی جانب سے سرکاری عہدیداروںکا غلط استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو زعفرانی رنگ میں رنگا جا رہا ہے ، الیکشن کمیشن آف انڈیا کو چاہئے کہ وہ ایڈمنسٹریشن میں سیاسی مداخلت کے سلسلہ کو فی الفور بند کروائے ، اور متنبہ کیا کہ جب تک ایسے افسران کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ، ان کی جماعت ہر پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج درج کرواتی رہے گی۔
پروفیسر بھیم سنگھ کا پاکستانی وزیر اعظم کو مکتوب
پائلٹ کی واپسی کے بعد دیگر قیدیوں کی رہائی میں رول ادا کرنے کی اپیل
جموں //نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفےسر بھےم سنگھ نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط لکھ کر ہندستانی پائلٹ کو واپس بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پائلٹ کو واپس بھیج کر ایک نئی تاریخ تحریر کی ہے ۔مکتوب میں انہوں نے کہاکہ اس عمل سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہو نگے ۔انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستانی جیلوں میں قید دیگر بھارتی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کےلئے مداخلت کریں ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کےلئے سٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی قانونی جنگ لڑرہی ہے جبکہ مذکورہ کمیٹی کی جانب سے دائر درخواست پر سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کئی قیدیوں سمیت 800سے زائد پاکستانی قیدیوں کی رہائی ممکن بنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی طرف سے دائر ایک درخواست اب بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے جوکہ ملک کی مختلف جیلوں میں قید 250سے زائد قیدیوں کی رہائی کےلئے دائر کی گئی تھی تاہم پاکستانی حکومت کی خاموشی کی وجہ سے مذکورہ مقدمہ تاخیر کا شکار ہو ا ہے ۔انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی قیدیوں کی رہائی کےلئے فعال طور پر مداخلت کریں تاکہ پاکستانی جیلوں میں قید افراد کو ہندوستان واپس بھیجا جاسکے ۔موصوف نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دونوں پڑوسی ممالک کو ایک بڑی جنگ سے بچا لیا ہے جبکہ ان کا فیصلہ جرات اور دانشمندی پر مبنی ہے ۔