جموں //جموں میں حالیہ دنوں گاڑیوں اور دیگر املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے اور ان کو نذر آتش کرنے کے واقعات میں ملوث نوجوانوں کی حمایت کرتے ہوئے بھاجپا کے جنرل سیکریٹری نے پولیس پر ان نوجوانوں کو حراساں کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری یدویر سیٹھی نے کہاکہ پلوامہ میں ہوئے فدائین حملے کے بعد جموں میں احتجاج کے بعد ریاستی پولیس نوجوانوں کوحراساں کر رہی ہے ۔جموں میں احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے کے سلسلہ میں تحقیقات کے دوران پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی رہائی پر زور دیتے ہوئے بھاجپا لیڈر نے کہاکہ پاکستان کے حق میں مبینہ طورپر نعرے بازی کرنے والوں کیخلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں جارہی ۔یاد رہے کہ ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف کی کانوائے پر ہوئے فدائین حملے کے بعد جموں میں کئے گئے احتجاج کے دوران نوجوانوں کی جانب سے گوجر نگر و دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر مخصوص طبقہ کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا اوراس کے بعدکچھ علاقوں میں پتھرائو اور حملے کئے گئے جس پر نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں لوگ جموں سے نکلنے پر مجبور ہوئے بلکہ دربار مو ملازمین نے بھی ڈیوٹی ترک کرکے کچھ روز تک کیلئے ہڑتال کی ۔