بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں رواں مانسون سیزن کے دوران موسمی حالات میں غیر معمولی شدت دیکھی گئی ہے، جہاں ایک جانب جموں صوبے میں معمول سے بہت زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی وہیں وادی اب بھی بارشوں کی شدید کمی کا سامنا کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق، جموں میں 37 فیصد زائد بارش ہوئی ہے، جب کہ کشمیر میں اب بھی 15 فیصد کمی برقرار ہے۔سب سے نمایاں واقعہ جموں شہر میں پیش آیا، جہاں محض 24 گھنٹوں میں 380 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ 100 سالہ ریکارڈ کو توڑتی ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ یومیہ بارش 270.4 ملی میٹر 1988 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ ماہرین موسمیات کے مطابق، یہ ایک دن کی بارش جموں کے اگست کے ماہانہ اوسط کے قریب تھی، جس سے صورتحال کی شدت واضح ہوتی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، یکم جون سے 27 اگست 2025 تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 507.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو کہ معمول کے 434.2 ملی میٹر کے مقابلے میں 17 فیصد زائد ہے۔ جموں کے بیشتر اضلاع میں معمول سے کافی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریاسی میں سب سے زیادہ 1815.3 ملی میٹر بارش ہوئی، جو کہ معمول سے 40 فیصد زائد ہے۔ جموں شہر میں 977.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جب کہ معمول 786.8 ملی میٹر ہے، یعنی 24 فیصد اضافہ۔ سامبامیں 979 ملی میٹر بارش ہوئی، جو کہ 56 فیصد زائد رہی۔ راجوری، کٹھوعہ، پونچھ اور رامبن جیسے اضلاع میں بھی معمول سے 14 سے 65 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔کشتواڑ میں صرف 164 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ معمول 332.9 ملی میٹر ہے، یعنی 51 فیصد کمی درج کی گئی۔ وادی کو رواں مانسون کے دوران غیر متوازن بارشوں کا سامنا رہا۔ جون کے اختتام تک بارشوں کی کمی 50 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ جولائی کے آغاز میں اگرچہ 47 ملی میٹر بارش سے کچھ بہتری آئی اور کمی 28 فیصد تک محدود ہوئی، تاہم اگست میں مسلسل خشک موسم نے یہ بہتری برقرار نہ رہنے دی۔ بڈگام، کپواڑہ، بانڈی پور اور کشتواڑ جیسے اضلاع میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں کشتواڑ میں سب سے زیادہ 50 فیصد کمی دیکھی گئی۔بڈگام میں 26 فیصد،بانڈی پور میں 20 فیصد اور کپواڑہ میں 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد و شمار کشمیر کے کئی علاقوں میں جاری خشک صورتحال اور زرعی شعبے پر ممکنہ منفی اثرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔تاہم، کچھ کشمیر اضلاع جیسے اننت ناگ،بارہمولہ اور گاندربل میں معمول کے قریب یا تھوڑی سی زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔ اننت ناگ میں 13 فیصد، گاندربل میں 3 فیصد، اور بارہمولہ میں معمول کے برابر بارش ہوئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ لیہہ میں مانسون کے دوران 94.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ معمول صرف 19.1 ملی میٹر ہے، جو کہ 397 فیصد زائد ہے۔ یہ اعداد و شمار خطے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی ایک جھلک پیش کرتے ہیں، جہاں ایسے علاقے جو عموماً خشک رہتے ہیں، اب اچانک شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔