جموں // ریاست میں جاری شری امر ناتھ جی یاترا کے دوران سی آر پی ایف کی ذمہ واری مثالی دکھائی دے رہی ہے ۔ایک طرف تو وہ یاترا کے راستوں ،یاترا کے مقامات اور یاترا سے متعلق اہم مقامات پر سیکورٹی فراہم کر رہی ہے ،وہیں دوسری جانب اسکے جوان یاتریوں کو کوئی بھی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔اسکے علاوہ سی آر پی ایف نے جموں توی ریلوے اسٹیشن پر یاتریوں کی مدد کیلئے ہیلپ لائن بھی بنائی ہے۔اسکے علاوہ سی آر پی ایف نے انفارمیشن مراکز اور RFID ٹیگنگ مرکزبھی کئی مقامات پر قائم کئے ہیں۔یاتریوں کی خدمت اور سیکورٹی کیلئے سی آر پی ایف کی گشتی وین یعنی کہ 'Sachal Sahayta Kendra'تیار رکھی ہے جو یاتریوں کی مدد کیلئے انکے ٹھہرنے کے مقام پر پہنچ جائے گی۔جیسا کہ نام سے ہی عیاں ہے وین یاتریوں کو سیکورٹی ،سیفٹی ،چوکسی ،طبی،رجسٹریشن ،RFID ٹیگنگ مرکزاور دیگر متعلقہ جانکاری فراہم کرتی ہے۔یہ وین یاترا کے متدد مقامات پر دستیاب ہے اور یاتریوں کو مدد فراہم کرتی ہے۔اس ٹیم میں سی آر پی ایف کے تربیت یافتہ ڈاکٹر و دیگر اہلکار یاتریوں کی خدمت کرتے ہیں۔وین میں دستیاب تربیت یافتہ عملہ کی جانب سے یاتریوں کو فسٹ ایڈ بھی فراہم کی جا رہی ہے،ضرورت پڑنے پر وین مریضوں کو نزدیکی ہسپتال بھی لیجاتی ہے۔