محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاترا کے سلسلے میں یاتریوں کا بارہواں قافلہ پیر کی علی الصبح سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے کشمیر روانہ ہوا۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم، بھگوتی نگر کے مطابق مجموعی طور پر 7,754یاتری 303گاڑیوں کے قافلے میں بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔ بالتل روٹ پر 2,896یاتری 133گاڑیوں میں صبح 2:44 بجے جبکہ پہلگام روٹ پر 4,858یاتری 170 گاڑیوں میں صبح 3:28 بجے روانہ کیے گئے۔قافلے میں 5,383مرد، 2,071خواتین، 16بچے، 222 سادھو، 58سادھویاں اور چار ٹرانس جینڈر یاتری شامل تھے۔حکام کے مطابق یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے 164بسیں، 41 میڈیم موٹر وہیکلز، 91لائٹ موٹر وہیکلز اور سات دو پہیہ گاڑیاں تعینات کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ بارہویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی یاترا کے آغاز سے اب تک 87,701 یاتری جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
چندرکوٹ میں دو یاترا بسوں اور کار کے آپسی تصادم میں 18یاتری زخمی
ابتدائی طبی امداد کے بعد رخصت اور یاترا میں دوبارہ شامل :حکام
محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے چندرکوٹ لنگر پوائنٹ پر پیر کی صبح امرناتھ یاترا پر جا رہی دو بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 18یاتری معمولی زخمی ہوگئے اور انہیں ہسپتال سے چھٹی دیکر یاترا میں دوبارہ شامل کیا گیا یے۔ سرکاری حکام کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 7:21بجے اس وقت پیش آیا جب بس JK01Y-1044کے بریک اچانک فیل ہوگئے اور وہ آگے چل رہی بس JK01Y-1052سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی زد میں آ کر سامنے کھڑی ایک گاڑی JK21K-8115کو بھی نقصان پہنچا۔ یہ سبھی گاڑیاں امرناتھ گھپا کی طرف جا رہی تھیں۔ زخمیوں میں اتر پردیش، راجستھان، پنجاب اور مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے یاتری شامل ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ چندرکوٹ لنگر مقام پر معمول کیطرح پیر کی صبح بھی یاتریوں کی آمد اور ان کے انتظامات کیلئے وہاں پہلے سے ہی ڈی سی رام بن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی رام بن ارون گپتا اور پولیس ، سی آر پی ایف ، فوج اور سول انتظامیہ کے تمام افسران موجود تھے اور حادثے کے فوراً بعد بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا گیا اور فوری طور پر تمام زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔ ضلع ہسپتال رام بن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سدرشن سنگھ کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہسپتال میں لائے گئے تمام 18زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد اور علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا کیونکہ کسی کو بھی سنگین چوٹ نہیں آئی تھی۔حکام نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی طرف سے چیک اپ کے بعد تمام زخمی یاتریوں کو اپنی امرناتھ یاترا دوبارہ جاری رکھنے کے لیے روانہ کیا گیا ۔پولیس نے چندرکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔