عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 30 اپریل کو دو روزہ دورے پر لیہہ جانے والے ہیں، جو کہ پچھلے سال بڑے پیمانے پر بدامنی کے بعد لداخ کا انکاپہلا دورہ ہوگا۔یہ دورہ سیاسی طور پر ایک اہم وقت پر آیا ہے جب لداخ میں مقامی گروپ زیادہ سے زیادہ آئینی تحفظات، انتظامی خود مختاری اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے دبا ئوڈال رہے ہیں۔ شاہ کے دورے کو کئی مہینوں کی سیاسی کشیدگی کے بعد مرکز کے زیر انتظام سٹریٹجک طور پر حساس علاقے کے ساتھ مرکز کی مصروفیت کے ایک اہم اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ نے ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے وزیر داخلہ کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہ اپنے قیام کے دوران بدھ پورنیما سے منسلک اہم تقریبات میں شرکت کریں گے۔