مکہ مکرمہ//سعودی وزارت حج و عمرہ نے العمر ای گیٹ سے منٹوں میں عمرہ ویزا حاصل کرنے کی سہولت سے آگاہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کے خواہاں فرزندان توحید العمر ای گیٹ سے ضروری کارروائی مکمل ہونے پر چند منٹوں کے اندر ہی عمرہ ویزا لے سکتے ہیں، عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے مقام گیٹ کے ذریعے درخواست دی جاسکتی ہے، مقام گیٹ پر مطلوبہ خدمات بک کرانے کے بعد ویزا لینے کے لیے اپیلی کیشن نمبر حاصل کیا جائے، پھر عمرہ ویزا فارم بھرنے اوراس کا پرنٹ لینے کے لیے ویزوں کے قومی پلیٹ فارم سے رجوع کیا جائے، اس کے علاوہ عمرہ کے خواہشمند افراد مقامی ٹریولنگ ایجنسی کے ذریعے بھی عمرہ ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ صرف رجسٹرڈ ٹریولنگ ایجنٹ ہی سے رابطہ کیا جائے۔ بتاتے چلیں کہ رواں ماہ سعودی عرب نے ہر قسم کے ویزوں پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دے دی تھی ، فیصلے کا مقصد ایک سال میں 30 ملین عازمین تک پہنچنے کے سعودی 2030 وڑن کے مقصد کو پورا کرنا ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹری عبدالرحمن شمس نے کہا کہ سعودی عرب کے سیاحتی ویزا سمیت تمام قسم کے ویزوں کے حامل افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے، جس کے تحت اب کسی بھی قسم کے ویزے پر سعودی عرب آنے والے کے لیے اللہ کے گھر کی زیارت کرنا ممکن ہو گیا ہے، چاہے اس کا ویزا سیاحت کے لیے ہو یا کام یا کاروبار جیسے دیگر مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا ہو۔