کٹھوعہ//تعلیم،خزانہ اور محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے لکھنپورکا پہلا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے ٹول پوسٹ لکھنپور ایکسائز محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرکے ایک طرف مالی اہداف حاصل کریں اور دوسری طرف تاجر برادری کے لئے ٹیکزیشن کا ایک مناسب ماحول قائم کریں۔وزیر نے مختلف شعبوں کا دور ہ کر کے جی ایس ٹی اور ای۔ وے بِل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر محکمہ کے افسروں نے کئی معاملات اُجاگر کئے ۔وزیر نے انہیں غور سے سنا اور کہا کہ یہ ایکسائز اور کمرشل ٹیکسز محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ لکھنپور سے ٹریفک اوراشیاء کی بلاخلل آواجاہی کو یقینی بنایا جائے ۔الطاف بخاری نے اس موقعہ پر میٹنگ کے دوران کہا کہ لکھن پور اور دیگر راستوں سے سیمنٹ کی غیر قانونی سمگلنگ پر روک لگانی چاہیئے۔اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں کئے جارہے اقدامات کے بارے میں رِپور ٹ پیش کریں۔وزیر نے لکھنپور ایکسائز آف کمپلیکس میں کامن روم ، جمنانزم اور لائبریری قائم کرنے کو بھی منظور ی دی۔اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری نے لکھنپور میں خزانہ محکمہ کے مختلف شعبوں میں قریبی رابطے بنائے رکھنے پر زور دیا۔بعد میں وزیر نے ریکریشن ہال کا بھی معائینہ کیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس عمار ت کو مؤثر ڈھنگ سے استعمال میںلانے کے لئے منصوبہ 30 دن کے اندر اندر پیش کریں۔وزیر نے ٹول پوسٹ ناگری کا بھی دورہ کیا اور وہاں وسائل کو بہتر ڈھنگ سے بروئے کار لانے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ ایکسائز کمشنر انو ملہوترہ ، ایڈیشنل کمشنر کمرشل ٹیکسزپی کے بٹ ، ڈی سی کٹھوعہ روہت کھجوریہ اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔