جموں//پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری کی صدارت میں یہاں اعلیٰ ختیاراتی کمیٹی کی پانچویں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جے کے کے آئی ڈی ایف سی کے ذریعے سے التوا میں پڑے 248 پروجیکٹوں کیلئے 909.49 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو منظوری دی گئی ۔ ایچ پی سی کی پہلی پانچ میٹنگوں کے دوران 1644 پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی جس کیلئے جے کے آئی ڈی ایف سی کے ذریعے سے 3631.36 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری عمل میں لائی جائے گی ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی خورشید احمد شاہ ، سیکرٹری آبپاش و فلڈ کنٹرول فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون ، سپیشل سیکرٹری خزانہ ناظم ضیا خان اور مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ نوین چودھری جو جے کے آئی ڈی ایف سی کے چئیر مین اور ایم ڈی بھی ہیں نے افسروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ منظور کئے گئے پروجیکٹوں کیلئے جے کے آئی ڈی ایف سی کے ذریعے سے رقومات فراہم کئے جائیں گے تا کہ ان کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے ۔ انہو نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ہر ایک پروجیکٹ پر کام شروع ہونے سے پہلے اور اس کی تکمیل کے بعد فوٹو گراف متعلقین کی جانکاری کیلئے سرکاری ویب سائیٹ پر ڈال دیں ۔ انہوںنے انجینئروں پر زور دیا کہ وہ کام کے معیار کو ہر صورت میں برقرار رکھیں تا کہ ان پروجیکٹوں کے اصل مقاصد کو حاصل کیا جا سکے ۔