منڈی//جمعہ کے روز حالانکہ کسی قسم کی سرکاری تعطیل نہیں تھی لیکن پھر بھی تحصیل کمپلیکس منڈی میں واقع دفاتر بند رہے اور افسران غیر حاضر ۔افسران کی دفتر سے غیر حاضری کے سبب دور دراز علاقوںسے آئے ہوئے لوگوں کو مشکلات کاسامناکرنا پڑااوروہ کام ہوئے بغیر ہی گھر واپس لوٹنے پر مجبور ہوئے ۔دن کے ساڑھے گیارہ بجے تحصیل کمپلیکس میں یہ پایاگیاکہ نائب تحصیلدار ،ٹریجری افسر اور تحصیل ہارٹی کلچر افسر کے بغیر کسی بھی دوسرے تحصیل افسر کا دفتر کھلا نہیں تھا۔ اس دوران بڑی تعداد میں دور دراز علاقوں سے لوگ اپنے کام کاج کے سلسلے میں ان دفاتر میں آئے تاہم انہیںوہاں کوئی نہیں ملا۔محمد پرویز ولد الف دین نامی ایک شخص نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ راشن کارڈ کے معاملے پر تحصیل سپلائی افسر منڈی کے دفتر کے باہر بیٹھے ہیں مگر گیارہ بجنے کے باوجود بھی تحصیل سپلائی افسرابھی تک دفتر میں نہیں آئے ۔محمد پرویز کا تعلق گائوں گگڑیاں سے ہے جہاں سے وہ گاڑی کا کرایہ خرچ کر یہاں کام سے آئے ہیں مگران کی بدقسمتی سے ٹی ایس او ہی دفت رمیں موجود نہیںاور بالآخر انہیں خالی ہاتھ گھر واپس لوٹ جاناپڑا۔انہی کی طرح دیگر کئی لوگ بھی افسران کے نہ ہونے کی وجہ سے پریشان حال دکھے اور ان کے کام نہیں ہوپائے ۔لوگوں نے تحصیل انتظامیہ پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ افسران دفتروں میں بیٹھتے ہی نہیں جس کی وجہ سے لوگوں کے دفتری کام نہیں ہوپارہے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق زرگر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان افسران کوڈیوٹی کا پابند رہنے کی ہدایات جاری کریں تاکہ غریب لوگوں کو دربدر نہ ہوناپڑے۔