جموں//جموں میں دربار موو دفاتر کھلنے کے پہلے دن آج صبح ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی نذیر احمد گریزی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کا معائینہ کیا اور اس کے احسن کام کاج کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر نائب سپیکر نے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا جن میں اکاؤنٹس /اسٹیبلشمنٹ /لیجسلیشن /ٹرانسلیشن /رپورٹنگ /ایچ اینڈ پی اور لائیبریری شامل ہیں ۔ عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے اُن کے معاملات سُنے اور دی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے مسایل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ دریں اثنا انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے عوام کی توقعات پر کھرا اتریں ۔ نئے قانونم ساز کمپلیکس کا ذکر کرتے ہوئے گریزی نے کہا کہ پروجیکٹ کی ضروریات کا تفصیلی جائیزہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا جائے گا ۔ بعد میں ڈپٹی سپیکر نے ایم ایل اے ہوسٹل کا بھی دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ صفائی ستھرائی ہر قیمت پر برقرار رکھیں اور ارکان کو ہر ممکن سہولیات بہم رکھیں ۔اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری آر ایل شرما اور کئی دیگر افسران بھی نائب سپیکر کے ہمراہ تھے ۔ دریں اثنا دربار موو دفاتر کھلنے کے سلسلے میں قانون ساز کونسل کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں کے ہمراہ کونسل کے خوش اسلوبی سے کام کاج کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری موصوف نے اکاؤنٹس ، اسٹیبلشمنٹ ، لیجسلیشن ، ٹرانسلیشن ، رپورٹنگ ، ایچ اینڈ پی ، لیجسلیٹو برانچ اور لائیبریری کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کے مسائل کے ساتھ ساتھ سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل کو فوری طور حل کیا جائے گا ۔ بعد میں عبدالمجید بٹ نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرایض انجام دیں ۔