جدہ //سعودی عرب اور خلیجی ممالک نے آن لائن ویڈیو شیئرنگ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ سے اسلامی اور سماجی اقدار سے متصادم اشتہارات ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مواد نہ ہٹانے کی صورت میں ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بیان مشترکہ طور پر گالف کارپوریشن کونسل کے 6 اراکین اور سعودی میڈیا ریگولیٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، ان کی جانب سے متنازع مواد کی باقاعدہ طور پر وضاحت نہیں کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ ’پلیٹ فارم سے مذکورہ مواد بالخصوص بچوں کے حوالے سے مواد کو ہٹانے کے لیے رابطہ کیا گیا‘۔بیان میں کہا گیا کہ نیٹ فلکس، سعودی عرب میں صارفین کے لیے ایسے مواد دکھا رہا ہے جو کہ میڈیا کے قوانین کے برعکس ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسے مواد نشر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔امریکی فلموں میں جنسی اقلیتوں کے حوالے سے مواد دکھانے پر خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب کے امریکی فلم ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ تعلقات تنازعات کا سبب بنتے رہے ہیں۔