عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی معیشت غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہندوستان دنیا کی پہلی معیشت کے طور پر ابھرے گا۔ ڈاکٹر سنگھ نے یہ بات سری نگر میں انڈین چیمبر آف کامرس کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے پالیسی سطح پر انقلابی فیصلے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھرپور حوصلہ افزائی اور مواقعے فراہم ہوئے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس برس نیوکلئیر سیکٹر کو بھی نجی سرمایہ کاری کے لیے کھول دیا ہے ، جو ایک تاریخی فیصلہ ہے ۔وزیر نے ملک میں اسٹارٹ اپ بوم پر بھی روشنی ڈالی، جس میں اب تقریباً 1.7 لاکھ وینچرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 60 فیصد ٹائر-2 اور ٹائر-3 ٹاؤنز سے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ سری نگر جیسے شہر اس لہر پر سوار ہونے کے لیے اچھی پوزیشن میں تھے۔ اسی دوران ڈاکٹر جتیندر نے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی اونتی پورہ میں DST انکلوسیو ٹیکنالوجی بزنس انکیوبیٹر (i-TBI) اور iFactory لیب کا افتتاح کیا، اور اس اقدام کو جموں و کشمیر میں شروع کرنے کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کی جانب سے 5 کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت وادی کے خواہشمند کاروباریوں کو ہاتھ میں پکڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ مرکزی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے تاجر، صنعت کار اور نئی نسل کے انٹرپرینیورز ملک کو معاشی سپر پاور بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔