جموں//الحرم ٹورس حج و عمرہ سروسز کی جانب سے اتوار کو حجاج کرام کے لئے ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس دوان عازمِ حرمین شریفین کو جہاں سفرِ محمود کی ٹریننگ دی گئی وہیں انہیں مطلوبہ ٹیکے بھی لگائے گئے۔ کیمونٹی ہال ملک مارکیٹ جموںمیں منعقدہ اس پروگرام کے دوران الحرم ٹورس کی جانب سے حج و عمرہ کے متعلق شائع کی گئی کتاب ’ارمغانِ حرم‘ کی رسم رونمائی بھی ہوئی۔ تقریب میں جامع مسجد تالاب کھٹیکاں کے امام و خطیب مفتی عنایت اللہ ،جامع مسجد مدینہ ہلز بٹھنڈی سے مفتی صغیر احمد قاسمی ،ہاشمی جامع مسجد کے امام مفتی آصف میراور معروف عالم دین مفتی طاہرکے علاوہ جامع مسجد ملک مارکیٹ کے امام، الحرم ٹورس کے ڈائریکٹر شیخ جاوید اقبال و دیگر علمائے کرام موجود تھے۔ ارمغان حرم نامی کتابچہ حج و عمرہ کے لئے ایک عمدہ اور جامع رہنما کے طور مرتب کیا گیا ہے جس میں تفصیلاً سفر محمود کا طریقہ اور اس کیلئے کی جانے والی ظاہری وباطنی تیاریوںکی ترغیب دی گئی ہے ۔ پروگرام میں ایک دوسرا کتابچہ بھی تقسیم کیا گیا جس میں آئندہ ذی القعدہ تک الحرم ٹورس کی جانب سے مرتب کئے گئے عمرہ و زیارا ت پیکیج کا شیڈیول شائع کیا گیا ہے ۔ رسم رونمائی کے بعد علماء کرام نے عازمین کو مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کی حاضر ی کے آداب اور حج و عمرہ کے فرائض، واجبات، سنن اور احسنات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہیں ممنوعات و مکروہات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ جہاں مفتی طاہر نے عازمین حج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاک سفر روپے پیسے، عہدہ و سٹیٹس، لوازمات و سہولیات کا مرہون منت نہیں ہوتا بلکہ صرف وہی اس ارض مقدس پر پہنچ پاتا ہے جسے خالق کل کائنات اپنے در پر بلاتا ہے ۔ مفتی صغیر نے روضہ پاک ؐ میں حاضری اور آپ ؐ کے در پر درود و سلام پیش کرنے کا طریقہ بتلایانیز مسجد نبوی کے اندرون اور دیگر مقدس مقامات ِ مدینہ کا بھی نقشہ کھینچا۔ مفتی آصف میر و دیگران نے حج کی حقیقت اور معنی سے روشناس کرواتے ہوئے کہا کہ عازمین کو چاہئے کہ وہ اس بات کا عہد کر کے سفر محمود پر روانہ ہوں کہ وہ آئندہ زندگی گناہوں اور کوتاہیوں سے پاک ہو کر گزاریں گے۔ الحرم کے ڈائریکٹر شیخ جاوید اقبال نے عازمین کو دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتاتے ہوئے انہیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بتایا کہ الحرم کے ساتھ جانے والے عازمین کو اٹیچی، بڑا بیگ، دستاویزات کیلئے ہینڈ بیگ، چپل بیگ، پانی کی بوتل، چشمہ، بیلٹ ، احرام، عبایا اور دیگر سامان فراہم کیا جا رہا ہے ۔ بعد از حج حجاج کرام کو حرم شریف کے متصل ہوٹل میں رکھا جائے گا جہاں ان کے لئے کھانے پینے کا عمدہ بندوبست کیا گیا ہے ۔