انقرہ// ترک صدر رجب طیب اردوان کی طبیعت انٹرویو دیتے ہوئے اچانک بگڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان منگل کی شام ایک لائیو ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران غیر متوقع طور پر صحت کے ایک مسئلے کا شکار ہو گئے ۔انٹرویو براہِ راست نشر کیا جا رہا تھا، اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث نشریات بند کر دی گئیں، معلوم ہوا ہے کہ اردوان کے پیٹ میں اچانک درد اٹھا تھا، جس کی وجہ سے انٹرویو 10 منٹ تک رُکا رہا۔دس منٹ بعد اردوان واپس آئے اور تعطل پر معافی مانگتے ہوئے کہا ‘‘بہت زیادہ مصروفیات کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی تھی۔’’ترک صدر کا انٹرویو پہلے ہی 90 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تھا، ترکیے میں 14 مئی کو پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی مہم عروج پر ہے ۔ترک صدر نے کہا ‘‘میں نے آج اور کل سخت انتخابی مہم کے دوران اپنا پیٹ خراب کر لیا ہے ، میں نے تو یہ پروگرام منسوخ کرنے کے بارے میں بھی سوچا تھا۔’’