جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے مجالٹہ اودھمپور میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔ گورنر نے انتظامیہ کو ہدایات دی کہ وہ حادثے میں زخمی ہوئے افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرائیں ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔ گورنر نے لقمہ اجل بنے ہر ایک شخص کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 20 ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے گہرے رنج والم اظہارکرتے ہوئے غمزدگان کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ان کے حق میں ایکس گریشیا کی امداد فراہم کی جائے ۔انہوںنے سرکار سے اپیل کی کہ ہلاک ہونے والے افراد کے حق میں ایکس گریشیا کی رقم امداد کے طور پر دی جائے۔اس موقعہ پرجموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر غلام محمد سروڑی ، وقار رسول وانی، محمد شریف نیاز ، عبدالمجید وانی، اشوک ڈوگرا ، نریش کمار گپتا اور شام لال بھگت نے بھی اس پر دکھ کا اطہار کیا۔گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے گورنمنٹ میڈیکل کالج بخشی نگر کا دورہ کیا اور وہاں ضلع اودھمپور کے مجالٹہ علاقے میں سڑک حادثے میں زخمی افراد کی خیریت دریافت کی ۔ اُن کے ہمراہ پرنسپل جی ایم سی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی کے علاوہ ہسپتال انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔ صلاحکار نے ہسپتال حکام کی طرف سے زخمیوں کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اس حادثے میں زخمی افراد کیلئے مفت طبی نگہداشت فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ اس حادثے میں ہوئے زخمی افراد کیلئے گورنر نے 20 ہزارروپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔گورنر کے مشیر کے کے شرما نے اودھمپور کے مجالٹہ علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مشیر موصوف نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور اس واقعے میں فوت شدہ افراد کے ارواح کے ابدیہ سکون کیلئے دعا کی ۔ پیپلز کانفرنس کے سینئر نائب صدر عبدالغنی وکیل نے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کے دوران سڑک کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے سرینگر جموں شاہراہ پرحادثات ہو رہے ہیں۔انہوںنے جی ایم سی ہسپتال جموں میں زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
گیلانی اور صحرائی کاانسانی جانوں کے اتلاف پر اظہار رنج
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ادھمپور اور کشتواڑ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثات کے دوران انسانی جانوں کے اتلاف پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اورزخمی ہوئے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے لیکن ایسے حادثات میں انسانی زندگیوں کا اتلاف ہر ایک انسان کے لیے رنجدہ اور غمناک ہوتا ہے۔ گیلانی نے سوگوار کنبوںسے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو یہ صدمۂ عظیم برداشت کرنے کیلئے صبرجمیل عطا کرے۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر جموں شاہراہ پرایک حادثے میں دس سے زائد جانوں کے اتلاف پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں اس حادثہ میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے صبر و استقامت کے لئے دعا کی ۔ صحرائی نے زخمی ہوئے افراد سے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ اسلامی تنظیم آزادی نے سرینگر جموںشاہراہ پر المناک سڑک حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد اور زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔