عظمیٰ نیوز سروس
بھدوہی //اترپریش کے کئی اضلاع میں آندھی اور بارش نے زبردست تباہی مچائی۔ تیز آندھی کے سبب درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے جس سے کئی جگہ بجلی سپلائی معطل ہو گئی۔ خراب موسم کی وجہ سے ریاست کے مختلف اضلاع میں 96 لوگوں کی موت بھی ہو گئی جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ وارانسی، پریاگ راج اور کانپور ڈویزن میں َلوگوں کی موت ہوئی ہے۔ طوفان نے بھدوہی، فتح پور اور بڈاؤن سمیت پانچ اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ طوفان کی وجہ سے بھدوہی میں کم از کم 16 کی موت ہو گئی، جن میں سے فتح پور میں نو، بڈاؤن میں پانچ، چندولی میں دو اور سون بھدرا ضلع میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو راحت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر موسمی بارش، گرج چمک اور بجلی گرنے سے متاثرہ لوگوں کو معاوضہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی کام 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کیا جائے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، بھدوہی پولیس نے کہا کہ ضلع میں دھول کے طوفان کی وجہ سے الگ الگ واقعات میں 16 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ چھ لوگ زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔فتح پور میں طوفان سے متعلقہ واقعات میں نو افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اویناش ترپاٹھی نے کہا کہ “کھگا تحصیل میں پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ صدر تحصیل میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔بدایوں میں بھی دھول کے شدید طوفان اور بارش سے ہونے والے الگ الگ واقعات میں دو کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بسولی پولیس اسٹیشن کے سدھ پور کیتھولی گاؤں میں طوفان کے دوران ایک جھونپڑی کی مٹی کی دیوار گرنے سے دو لڑکیوں — موسمی (10) اور رجنی (9) کی موت ہوگئی۔لڑکیوں نے دو خواتین کے ساتھ جن کی شناخت کلو اور نیہا کے نام سے کی گئی ہے، طوفان آنے کے بعد جھونپڑی میں پناہ لی تھیں۔ اسی دوران طوفان کی وجہ سے دیوار گر گئی جس سے چاروں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں کی موقعے پر ہی موت ہو گئی، جب کہ ان کے ساتھ پناہ لینے والی خواتین کو شدید چوٹیں آئیں۔ایک اور واقعے میں فیض گنج بیہتا تھانہ حلقے کے تحت تارک پارولی گاؤں میں، ایک خاتون جس کی شناخت لکشمی (40) کے طور پر کی گئی تھی، ایک ٹیوب ویل کے کمرے پر درخت گرنے سے ہلاک ہو گئی جہاں کئی لوگوں نے طوفان سے پناہ لی تھی۔
وہیں ایک اور واقعے میں عمارت کی چھت گرنے سے گیتا نام کی خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایا کہ بسولی علاقے میں بلسی روڈ کے قریب ایک الگ حادثے میں، ٹرک ڈرائیور یوگیش (32) یوکلپٹس کا درخت اکھڑ کر گاڑی پر گرنے سے ہلاک ہوگیا۔ ایک اور نوجوان، انشول شرما (22)، جو بسولی کے ساہوکارا محلے کا رہائشی ہے، طوفان کے دوران اس وقت ایک درخت گرنے سے زخمی ہو گیا جب وہ اپنے والد کو کھانا پہنچانے جا رہا تھا۔موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے لوگوں کی اموات، مویشیوں اور املاک کے نقصان کا نوٹس لیتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور ضلع مجسٹریٹس اور دیگر محکموں کے افسران کو متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی متنبہ کیا کہ امدادی کاموں میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو بھی الرٹ موڈ پر رہنے کی ہدایت دی اور ریونیو اور زراعت کے محکموں کو انشورنس کمپنیوں کے ساتھ نقصان کا سروے کرنے اور حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر فوری معاوضہ فراہم کیا جائے۔