عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// جموں و کشمیر پولیس نے ڈوڈہ ضلع میں ملی ٹینسی سے متعلق حالیہ واقعات سے منسلک تین ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں پچھلے ہفتے ملی ٹینسی سے متعلق دو واقعات کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دو حملوں کے نتیجے میں چھ فوجی اہلکار اور دو جموں و کشمیر پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
گرفتار افراد کی شناخت مبشر، سجاد اور صفدر کے طور پر ہوئی ہے، تمام ٹانٹہ درمن کے رہائشی ہیں، انہیں ملی ٹینٹوں کو مدد فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
ڈوڈہ پولیس نے انکشاف کیا کہ تینوں نے رقم کے عوض پاکستانی ملی ٹینٹوں کو خوراک اور لاجسٹک مدد کی پیشکش کی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ گرفتاریاں سیکیورٹی فورسز کے لیے ایک اہم کامیابی ہیں، جو خطے میں ملی ٹینسی سے نمٹنے کے لیے ان کی جاری کوششوں کو اجاگر کرتی ہیں۔ ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں مدد کرنے والے سپورٹ نیٹ ورک کے بارے میں مزید تفصیلات سے پردہ اٹھانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
حکام نے ڈوڈہ پولیس کی تیز رفتار اور موثر کاروائی کی ستائش کی ہے، جو جموں و کشمیر میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے عزم کو واضح کرتی ہے۔