عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اننت ناگ پولیس نے اتوار کے روز کوکرناگ میں خوف و ہراس پھیلانے کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین نوجوانوں کو جعلی اسلحہ کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق، پولیس اسٹیشن کوکرناگ کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ نامعلوم نوجوان علاقے میں کھلونا نما اسلحہ لے کر گھوم رہے ہیں اور عام لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ گروپ عبدالماجید آہنگر ولد عبدالرحمٰن آہنگر ساکن ہِلر کے گھر میں بھی داخل ہوا، جہاں انہوں نے اہلِ خانہ کو دھمکیاں دیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق، اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن کوکرناگ نے ایف آئی آر نمبر 122/2025 زیر دفعات 333، 351(3) بی این ایس درج کرتے ہوئے کارروائی شروع کی۔ پولیس اور ایس او جی کوکرناگ کی مشترکہ ٹیم، ایس ڈی پی او کوکر ناگ کی نگرانی میں فوری طور پر علاقے میں پہنچی اور بروقت کارروائی عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت یاسر احمد کاسانہ ولد محمد مرزا ساکن اندر وانی ساگام کوکرناگ، اعجاز احمد پھامڑا ولد محمد رفیق ساکن تھامانکوٹ ویری ناگ کپرن، اور شاہد احمد تیلی ولد جاوید احمد تیلی ساکن ہِلر ارہاما کوکرناگ کے طور پر ہوئی۔ ان کے قبضے سے ایک جعلی اے کے-47 رائفل، ایک جعلی پستول اور ایک سبز رنگ کا پاؤچ برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق، فوری کارروائی نے علاقے میں مزید خوف پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا اور عوام کا اعتماد بحال کیا۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک حرکات یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ اننت ناگ پولیس نے کہا کہ وہ خطے میں امن، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
کوکر ناگ میں تین نوجوان جعلی اسلحہ سمیت گرفتار