عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ہفتہ کی شام دو مختلف مقامات پر بادل پھٹنے کے باعث شانگس اور پہلگام علاقوں میں اچانک سیلاب آ گیا، جس سے زرعی اراضی، باغات، جھونپڑیوں اور کئی ہوٹلوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔سرکاری حکام کے مطابق پہلا واقعہ شانگس کے علاقے چھترگل کے بالائی حصوں میں پیش آیا، جہاں بادل پھٹنے سے آری پتھ نالہ میں اچانک طغیانی آ گئی۔ سیلابی ریلے اپنے ساتھ مٹی اور ملبہ لاتے ہوئے دھان کے کھیتوں، سیب کے باغات اور قریبی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگئے، جس سے کھڑی فصلوں اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا۔تقریباً ایک گھنٹے بعد دوسرا بادل اوویرا وائلڈ لائف سینکچری (پہلگام) کے علاقے میں پھٹا، جس کے نتیجے میں اوویرا نالہ میں شدید طغیانی آ گئی۔
نالے کا پانی کئی جھونپڑیوں اور ہوٹلوں میں داخل ہوگیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام نے بتایا کہ نالے کے کنارے واقع ایک ہوٹل میں مقیم تمام سیاح محفوظ ہیں۔انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ امدادی اور نگرانی کرنے والی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور حساس مقامات پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، جبکہ دونوں مقامات پر نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔انتظامیہ نے مقامی باشندوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، خصوصاً آری پتھ اور اوویرا نالوں سے دور رہیں، اور موسم کے پیش نظر سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ادھر ہفتہ کی شام سے وادی کشمیر اور جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور درمیانی درجے کی بارش ہوئی، جس سے گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید گرمی اور حبس میں نمایاں کمی آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو بھی جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
شام کے وقت وادی کے بیشتر علاقوں اور جموں ڈویژن کے کئی حصوں میں بارش کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر کے کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ سمیت سیاحتی مقامات کے علاوہ امرناتھ یاترا کے پہلگام اور بالتل راستوں پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت30.2ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ایک روز قبل34.5ڈگری تھا۔ قاضی گنڈ میں 30.6ڈگری، پہلگام میں 24.8ڈگری اور گلمرگ میں 21.2ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جموں ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راجوری میں سب سے زیادہ50 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ سانبہ میں20ملی میٹر، کٹرا میں15ملی میٹر، جموں ہوائی اڈے پر 6.4ملی میٹر، پونچھ میں 5.5ملی میٹر، ادھم پور میں 4.6ملی میٹر، ریاسی میں 2.5ملی میٹر اور کٹھوعہ میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.4ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کٹرا میں 29.6ڈگری، بانہال میں29.7ڈگری، بٹوت میں 27.1ڈگری اور بھدرواہ میں 25ڈگری سیلسیس رہا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ اتوار کو بھی جموں و کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 جولائی کو بیشتر علاقوں میں ایک یا دو بار بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ جموں ڈویژن کے چناب وادی اور پیر پنجال کے بعض مقامات پر مختصر لیکن تیز بارش ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 13سے 17جولائی کے دوران مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اگرچہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ہے۔