اننت ناگ میں تین منشیات فروش گرفتار: پولیس

یو این آئی

اننت ناگ// منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنا کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے اننت ناگ میں تین منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تلہ کھن کراسنگ سنگم کے نزدیک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک سینٹرو گاڑی زیر نمبر JK03B-1781کو روک اس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے 17کلو گرام فکی برآمد ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تین افراد جن کی شناخت سجاد احمد داس ولد محمد سلطان داس ، جاوید احمد ناتو ولد ولی محمد مانتو ساکنان واگہامہ بجبہاڑہ اور مظفر احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن تلہ کھن بجبہاڑہ کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو آگاہی فراہم کریں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔