سوپور میں چار افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

یو این آئی

سوپور// منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاررائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سوپور میں چار بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد بارہمولہ پولیس نے چار بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا گیا ہے۔
بیان میں ان کی شناخت پرویز احمد خان ولد عبدالرشید خان ساکن ماڈل ٹاون سی سوپور ، وسیم احمد ہجام ولد محمد اکبر ہجام ساکن ڈورو پیر محلہ ، شہباز احمد ڈانگرو ولد غلام محی الدین ڈانگرو ساکن مچھی پورہ بومئی سوپور اور شرافت اللہ شاہ ولد مظفر احمد شاہ ساکن شالہ پورہ سوپور حال شالیمار کالونی سوپور کے طورپر کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ سوپور اور ضلع کے دیگر علاقوں میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے اور منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود بھی وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے زائد از ایک کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔