ڈل جھیل میں ہزاروں مچھلیاں مردہ پائی گئیں

سری نگر// سری نگر کی ڈل جھیل میں جمعہ کو ہزاروں مچھلیاں مردہ پائی گئی ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ بڑے پیمانے پر موت تھرمل سٹریٹیفکیشن کی وجہ سے ہوئی ہے۔
مقامی رہائشی منظور احمد نے بتایا،”ڈل جھیل کے اطراف میں مردہ مچھلیوں کو پانی کی سطح پر تیرتے دیکھ کر ہم لوگ دنگ رہ گئے،ہمیں جھیل میں مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں ملی ہیں۔ جھیل میں ایک چشمے کے قریب سے بدبو آ رہی ہے”۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور ( کے این او) نے محکمہ ماہی پروری کے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ مچھلیوں کی موت جھیل کی گہرائیوں میں درجہ حرارت میں تبدیلی کی وجہ سے ہوا ہے۔
ڈین، فیکلٹی آف فشریز سکاسٹ-کشمیر فیروز احمد بھٹ نے کہا کہ جھیل میں آکسیجن کی کم مقدار کی وجہ سے مچھلی کی موت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آلودگی اور جڑی بوٹیوں کے بڑھنے سے جھیل میں آکسیجن کی مقدار کم ہو جاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں نگین جھیل میں بھی ایسا ہوا ہے۔