سری نگر//پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے اور اب جموں خطے میں پھیل رہی ملی ٹینسی اس کی “سب سے بڑی ناکامی” ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے سدھرا علاقے میں بدھ کی صبح ہونے والے تصادم میں، جہاں چار جنگجو مارے گئے، نے جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی دعووں کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
محبوبہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے جموں و کشمیر سے عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔ لیکن، آج جموں میں بھی ملی ٹینسی ہے جو اس کی سب سے بڑی ناکامی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ اب عسکریت پسندی جموں خطے میں پھیل چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ، “وہ (حکومت) عسکریت پسندی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں”۔
پی ڈی پی سربراہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکومت مرکزی علاقے میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کو روکنے کے لیے کووڈ یا ملی ٹینسی جیسے بہانے بنا سکتی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کو “ختم” کر دیا گیا ہے۔
لوگوں کے بنیادی حقوق جیسے اپنے اظہارِ رائے کا حق کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اگر کوئی بات کرتا ہے تو اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے، چاہے وہ صحافی ہو یا عام آدمی۔ سیاست دانوں پر ای ڈی یا دیگر ایجنسیوں کے ذریعے دباؤ ڈالا جاتا ہے اور انہیں اپنا کردار ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا پر محبوبہ نے کہا کہ جمہوریت اور سیکولرازم کو بچانے کے لیے کسی ایسے شخص کے ساتھ کھڑا ہونا لازمی ہے اور “ہمارا فرض” ہے۔
انہوں نے کہا، “ایک شخص کھڑا ہے اور ان فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے جو ملک کو تقسیم کرنے، سیکولرازم کو تباہ کرنے اور جمہوری سیٹ اپ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سیکولرازم اور جمہوریت پر مکمل یقین رکھتا ہے کیونکہ جب 1947میں ہندوستان اور پاکستان میں ہندو اور مسلمان مارے جا رہے تھے، کشمیر ہی وہ واحد جگہ تھی جہاں پنڈتوں، سکھوں، ڈوگروں کو کشمیریوں نے تحفظ فراہم کیا تھا۔
محبوبہ نے کہا،’’یہی وقت ہے جب (ایم کے) گاندھی جی نے کہا تھا کہ وہ کشمیر سے امید کی کرن دیکھ سکتے ہیں۔ جب ملک میں سیکولرازم کو تباہ کرنے کی کوششیں ہوتی ہیں تو جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس کا سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ ہم نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا حالانکہ ہم واحد مسلم اکثریتی ریاست تھے، کیونکہ یہ ایک سیکولر اور جمہوری ملک تھا جس کے لیے گاندھی جی نے اپنی جان قربان کی تھی‘‘۔
اس لیے ہمارا فرض ہے کہ اگر کوئی شخص ملک کی جمہوریت اور سیکولرازم، اس کی گنگا جمنی تہذیب کو بچانے کے لیے نکلا ہے تو اس کے ساتھ کھڑا ہونا لازمی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ ایک طرف تو ان کی پارٹی آرٹیکل 370کی بحالی کا مطالبہ کر رہی تھی، جسے مرکز نے 5اگست 2019 کو منسوخ کر دیا تھا، لیکن دوسری طرف، وہ کانگریس پارٹی کی اس یاترا کی حمایت کر رہی ہیں جس نے حکومت کے اس اقدام کی حمایت کی تھی۔ محبوبہ نے کہا کہ دونوں مسائل الگ الگ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ یاترا میں شامل ہونا ملک میں جمہوریت اور سیکولرازم کو بچانے کے لیے ہے۔ ہماری لڑائی الگ ہے اور ہم اسے لڑتے رہیں گے۔
پی ڈی پی سربراہ نے افغانستان میں طالبان کی طرف سے لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندی کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اگر کوئی ہے جو اسلام کا نام لے کر مذہب کے خلاف کام کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا کے اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہ وادی میں کشمیری پنڈتوں کے قتل کو فرقہ وارانہ نہیں بنایا جانا چاہئے، محبوبہ نے کہا کہ انہیں یہ سبق بی جے پی کو دینا چاہئے۔
“یہ کبھی نہ ہونے سے بہتر ہے، کیونکہ یہ بی جے پی حکومت ہے جو کشمیری پنڈتوں کے قتل کو فرقہ وارانہ بناتی ہے۔ انہوں نے اس پر فلم (کشمیر فائلز) بنائی اور پھر اسے ہر جگہ دکھایا۔
پی ڈی پی سربراہ نے کہا،ـ”وہ کشمیری مسلمانوں اور کشمیری پنڈت برادریوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ اچھا ہے کہ انہوں نے (سنہا) یہ کہا، لیکن، میرے خیال میں، انہیں یہ سبق بی جے پی کو دینا چاہئے “۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں “کسی کو کچھ کہنے یا اظہار کرنے کی اجازت نہیں ہے”۔
جیلیں جموں و کشمیر کے لوگوں سے بھری پڑی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو باہر کالجوں میں مارا پیٹا جاتا ہے۔ بی جے پی نے ملک کا ماحول خراب کر دیا ہے۔
جموں صوبہ میں ملی ٹینسی کا پھیلاؤ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی:محبوبہ مفتی