عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جس وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔جموں میں بدھ کے روز رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا جہاں درجہ حرارت 44.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران لوگوں کو جھلستی گرمی سے کسی حد تک راحت ملنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں اگلے 7 دنوں کے دوران گرمی کی لہرجاری رہنے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں میں بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بدھ کے روز رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سری نگر میں بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.5ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔کپواڑہ میں 27.9، قاضی گنڈ میں 28.6، سیاحتی مقام پہلگام میں 25.6، کوکر ناگ میں 28.3اور گلمرگ میں 19.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 30 اور 31 کو مطلع مجموعی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں یکم اور 2 جون کو بھی کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتیں ہیں جبکہ 3 اور 4 جون کو بھی ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 7 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں اگلے 7 دنوں کے دوران گرمی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے تاہم کشمیر اور صوبہ جموں کے پہاڑی علاقوں میں لوگوں کو 30 اور 31 مئی اور یکم اور 2 جون کو گرمی سے کسی حد تک راحت نصیب ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں میں 3 جون سے ہیٹ ویو کا دوسرا مرحلہ شروع ہوسکتا ہے۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے زیادہ تو کہیں معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیارہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔