عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// کشمیر میں شبانہ سردی شدت اختیار کر گئی ہے، اور سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 4.1 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق، جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو وادی کا سب سے سرد ترین مقام قرار دیا گیا، جہاں درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر محکمہ موسمیات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر میں گزشتہ رات کے درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.1 ڈگری سیلسیس رہا۔
شوپیاں میں درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو وادی کا سب سے سرد مقام رہا۔
معروف سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سیلسیس جبکہ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 4.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح، وادی کشمیر کے داخلی راستے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس اور شمالی کشمیر کے قصبے کپواڑہ میں منفی 3.4 ڈگری سیلسیس رہا۔
جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 16 دسمبر تک کسی اہم موسمی صورتحال کی پیشگوئی نہیں کی گئی ہے جبکہ 7 دسمبر تک خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔