عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/ وسطی ضلع گاندربل میں منگل کی علی الصبح امرناتھ یاترا پر جانے والی ایک بس سڑک سے پھسل کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 31 یاتری زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق، بس زیر رجسٹریشن نمبر AR11D-5655 امرناتھ غار کی جانب رواں دواں تھی کہ ہری گنیوان کے ایس موڑ (S-Mode) کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں بس میں سوار 31 مسافر زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوراً بعد سی آر پی ایف (CRPF)، آئی ٹی بی پی (ITBP)، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر امدادی اداروں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تمام زخمی یاتریوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال (SDH) کنگن منتقل کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے SKIMS صورہ ریفر کیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق زخمی یاتریوں کا تعلق مدھیہ پردیش، راجستھان اور دہلی سے ہے۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔
گاندربل میں امرناتھ یاترا کی بس حادثے کا شکار ، 31 یاتری زخمی، اسپتال منتقل