اسمبلی انتخابات: اُودھم پور میں ووٹ شماری سے قبل سیکیورٹی سخت

عظمیٰ ویب ڈیسک

اُودھم پور// جموں و کشمیر کے اُودھم پور ضلع میں ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل پولیس نے سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
اتوار کو اُودھم پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امود اشوک ناگپوری نے کہا کہ یونین ٹیریٹری میں گنتی کے مقامات پر تین سطحی سیکیورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو تین مراحل میں ووٹنگ ہوئی تھی۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج 8 اکتوبر کو ہریانہ کے ساتھ اعلان کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی اُدھم پور نے بتایا، “پہلی سطح پر سنٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے دستے تعینات ہوں گے، دوسری سطح پر ریاستی مسلح پولیس موجود ہو گی، اور تیسری سطح پر ضلعی پولیس کے دستے ہوں گے۔ مضبوط کمروں اور گنتی ہالز میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سطح کے افسران سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ گنتی کے دن کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات بھی کیے گئے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کو 100 میٹر کے دائرے کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور یہ علاقہ “پیدل چلنے والوں کے لیے ممنوعہ زون” قرار دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گنتی مراکز میں صرف ان افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس درست شناختی کارڈ ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایک تفصیلی ٹریفک پلان جلد جاری کیا جائے گا۔