جموں//جموں کے سدھرا علاقے میں ایک تصادم میں چار جنگجووں کے مارے جانے کے ایک دن بعد، پولیس نے جمعرات کو جنرل بس سٹینڈ اور ریلوے سٹیشن سمیت کئی علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی، تاکہ موقع سے فرار ٹرک ڈرائیور کا پتہ لگایا جا سکے۔
بتا دیں کہ بدھ کی صبح جموں کے سدھرا علاقے میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب بھوسے سے لدے ایک ٹرک کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر توی پل کے قریب روک لیا گیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور گھنی دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تصادم شروع ہونے سے پہلے ہی موقع سے فرار ہو گیا، جس کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی مہم اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے بجالتا جنگل کو گھیرے میں لے لیاہے، جو تصادم کے مقام سے تقریباً سات کلومیٹر دور ہے، اور ایک مکمل تلاشی آپریشن کیا۔
اہلکار نے کہا، آپریشن ابھی جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
زرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو بس سٹینڈ اور جموں ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرتے بھی دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ اندرا چوک سمیت شہر کے مختلف مقامات اور شاہراہ کے ساتھ ساتھ کئی چوکیاں بھی بنائی گئی ہیں۔
تصادم کے فوراً بعد جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے کہا کہ بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشنوں اور بازاروں میں تلاشی لی جارہی ہے، جب کہ فرار ہوئے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لیے تمام چوکیوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ٹرک کی نمبر پلیٹ جعلی ہے۔ انجن اور چیسس نمبر کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اور اس سلسلے میں فرانزک ٹیموں کی مدد لی جائے گی۔
مارے گئے جنگجووں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بشمول سات اے کے-47رائفلیں، ایک M4 رائفل، تین پستول، 14دستی بم اور تقریباً 50ہزار روپے نقدی برآمد ہوئے، تاہم مارے گئے جنگجووں کی شناخت اور تنظیمی تعلقات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
جموں :سدھرا جھڑپ کے مقام سے فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری،جگہ جگہ ناکہ چیکنگ