جموں// سانبہ میں بھارت-پاکستان بین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحد پار سے ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے مشق کے حوالے سے سیکورٹی فورسز نے ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
پاکستان اور سماج دشمن عناصر کے کو ناکام بنانے کے لیے یہ مہم شروع کی گئی اور عام لوگوں کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ سانبہ کے سرحدی علاقوں میں بی ایس ایف کے ذریعے ڈرون مخالف مشق اور پورے علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ پاکستان کے ذریعے ہندوستان کی سرحد میں ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور منشیات وغیرہ بھیجنے کی مسلسل کوشش کر کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے ان ہی منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے بی ایس ایف نے سرحد کے قریب رہنے والے دیہاتیوں کو ہمیشہ چوکنا رہنے کی درخواست کی ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز-سانبہ) جی آر بھردواج نے کہا کہ تلاشی کاروائی کا مقصد زیر زمین سرنگ کو تلاش کرنا اور سرحد پار سے ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے ڈرون کے استعمال کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ تلاشی آپریشن جموں کے سدھرا بائی پاس علاقے میں ایک حالیہ تصادم کے بعد کیا گیا ہے جس میں کشمیر جانے والے ایک ٹرک پر سوار چار جنگجو مارے گئے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ جنگجو بین الاقوامی سرحد (آئی بی) سے یہ اس طرف گھس کر آئے تھے اور وادی کی طرف جارہے تھے جب انہیں سیکورٹی فورسز نے روک لیا۔
پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے مشترکہ آپریشن کی قیادت کر رہے بھردواج نے نامہ نگاروں کو بتایا، “حالیہ تصادم کے پیش نظر، سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے اور کئی علاقوں کی تلاشی لی گئی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کارروائی ہفتہ کی صبح بین الاقوامی سرحد کے قریب گاؤں چیک دھرما سے شروع ہوئی۔
اُنہوں نے کہا،’’ہمارے پاس واضح ہدایات ہیں کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ان پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے بار بار تلاشی کارروائیاں کی جائیں۔ تلاشیاں خاص طور پر جنگلاتی علاقوں میں کی جا رہی ہیں تاکہ سرحد پار سے کسی سرنگ اور مشکوک اشیاء کو تلاش کیا جا سکے‘‘ ۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع کا استعمال سرحدی باشندوں کو ڈرون کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے لیے بھی کیا گیا تاکہ وہ سرحد پار سے آنے والی یا زمین پر پڑی کسی بھی چیز کو دیکھ کر فوری طور پر قریبی سیکیورٹی ادارے کو مطلع کر سکیں۔
اس آپریشن میں منگوچیک، سدیچیک، ریگل اور چاہوال سمیت کئی دیہاتوں کا احاطہ کیا گیا۔
سرحد پار سے ہتھیار سمگلنگ روکنے کی کوشش:سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر تلاشی کاروائی