محمد تسکین+ اشتیاق ملک+ عاصف بٹ
رام بن// جموں وکشمیر بھر میں گزشتہ شام سے جاری بارشوں اور تازہ برفباری کے درمیان خطہ چناب میں نظامِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، اسی دوران تینوں میں اضلاع میں تعلیمی اداروں کو جزوی طور پر بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر رام بن نے پیر کی صبح ایک ٹویٹ میں کہا کہ ضلع میں خراب موسمی صورتحال کے درمیان آٹھویں جماعت کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم امتحان شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
اسی طرح کے ایک حکم نامہ میں ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے بھی ضلع میں سکول بند رکھنے اور امتحانات کو جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
اسی دوران ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے بھی خراب موسمی صورتحال کے درمیان تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈوڈہ کشتواڑ اور رام بن میں گزشتہ شام سے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس دوران خطے میں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تینوں اضلاع میں بجلی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے وہیں کئی رابطہ سڑکیں بھی منقطع ہوئی ہیں۔
کشمیر عظمیٰ کے سینئر نامہ نگار محمد تسکین نے بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں گزشتہ رات سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے تاہم جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک آمدورفت جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہو منگت ، جواہر ٹنل ٹاپ سمیت اوپری پہاڑوں پر تازہ برفباری ہو رہی ہے۔