نئی دہلی//سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کہا کہ وہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے دفعہ370کو منسوخ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی جلد فہرست بنانے کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔
عرضی گزاروں کی جانب سے سماعت کا مطالبہ ہونے پرچیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا پر مشتمل بنچ نے کہا، ’’ہم عرضیوں کی جانچ کر کے تاریخ دیں گے‘‘۔
اس سے قبل 25اپریل اور 23ستمبر کو، اس وقت کے چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی میں ایک بنچ نے، دفعہ 370کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لیے فہرست بنانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
عدالت عظمیٰ کو درخواستوں کی سماعت کے لیے پانچ ججوں کی بنچ کو دوبارہ تشکیل دینا پڑے گا کیونکہ سابق سی جے آئی رمنا اور جسٹس آر سبھاش ریڈی جو ان پانچ ججوں کی بنچ کا حصہ تھے جس نے درخواستوں کی سماعت کی تھی، ریٹائر ہو چکے ہیں۔
دو سابق ججوں کے علاوہ، جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس بی آر گاوائی اور جسٹس سوریہ کانت اس بنچ کا حصہ تھے جس نےاس معاملے میں 2مارچ 2020 کو سات ججوں کی ایک بڑی بنچ سے رجوع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
دفعہ 370کی منسوخی اور جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019(جس نے جموں وکشمیر دو مرکزی زیرِ انتظام علاقوں میں تقسیم کیا تھا)کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی متعدد درخواستوں کوعدالت نے 2019میں جسٹس رمنا کی سربراہی میں ایک آئینی بنچ کے پاس بھیجا تھا۔
بتا دیں کہ دفعہ370کو منسوخ کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔
این جی او، پیپلز یونین آف سول لبرٹیز (پی یو سی ایل)، جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، اور ایک مداخلت کار نے اس معاملے کو بڑی بنچ کے پاس اس بنیاد پر ریفر کرنے کی مانگ کی تھی کہ سپریم کورٹ کے دو فیصلے – پریم ناتھ کول بمقابلہ جموں و کشمیر۔ 1959میں اور سمپت پرکاش بمقابلہ جموں و کشمیر 1970میں — جو دفعہ 370کے معاملے سے نمٹتے تھے ایک دوسرے سے متصادم تھے اور اس وجہ سے پانچ ججوں کی موجودہ بنچ اس معاملے کی سماعت نہیں کر سکی۔
درخواست گزاروں سے اختلاف کرتے ہوئے، بنچ نے کہا تھا کہ اس کی رائے ہے کہ “فیصلوں کے درمیان کوئی تضاد نہیں ہے”۔
دفعہ 370کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی فہرست پر غور کیا جائے گا:سپریم کورٹ