محمد تسکین
بانہال// رام بن کے سب ڈویژن رامسو کے نیل درپٹہ علاقے میں ایک حادثے کے دوران ایک رولر سڑک سے لڑھک کر نیچے دو منزلہ رہائشی مکان پر جا گرا، جس کے نتیجے میں مکان کو شدید نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ متاثرہ مکان محمد اختر ڈینگ کا ہے، جو درپٹہ نیل کے رہائشی ہیں۔
حادثے کے وقت اہل خانہ اور محلے کے لوگ قریب ہی کام میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق، پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے میکڈم بچھانے کے دوران رولر کی بریک فیل ہوگئی، جس سے یہ واقعہ پیش آیا۔
مقامی سماجی و سیاسی کارکن ماسٹر طارق ابراہیم سوہل نے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتے کی صبح تقریباً گیارہ بجے نیل-سینی گام رابطہ سڑک پر میکڈم کے کام کے دوران پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ بھاری بھرکم رولر کی ٹکر سے مکان کی دیواروں اور چھت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور ٹین کی چھت بھی متاثر ہوئی۔
طارق ابراہیم نے ممبر اسمبلی بانہال حاجی سجاد شاہین اور ضلعی حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ مکان کا فوری طور پر تخمینہ لگوا کر مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے، تاکہ متاثرہ خاندان سردیوں اور برفباری سے پہلے کسی محفوظ جگہ پر منتقل ہو سکے۔