عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیاں// پولیس نے انسداد غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی) کی دفعہ 25 کے تحت ایک ملی ٹینٹ اور اس کے ساتھی کی دو غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کاروائی زینہ پورہ پولیس سٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 94/2024 کے تحت عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ جائیدادیں ضلع شوپیاں کے دو مختلف دیہات، واندینہ اور ملہورہ میں واقع ہیں۔ پولیس نے مقامی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں دونوں جائیدادوں کو ضبط کیا، جن کی مجموعی مالیت پچاس لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق، یہ کارروائی انسداد ملی ٹینسی مہم کے تحت کی گئی ہے تاکہ ملی ٹینٹوں اور ان کے معاونین کی مالی معاونت کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔ پولیس نے مزید کہا کہ یہ قدم علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔