عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں پولیس نے پانچ سال پرانے بہیمانہ قتل کیس کو کامیابی کے ساتھ حل کیا ہے اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
بتادیں کہ 15 اور 16 نومبر 2019 کی رات ملزمین نے قتل کی یہ واردات انجام دی تھی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں شکایت ملنے کے بعد آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت ایک مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 194/2019) پولیس تھانہ بخشی نگر، جموں میں درج کیا گیا۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے وسیع تحقیقات کا آغاز کیا، تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جن سے اِس واردات میں دو بدنام زمانہ مجرموں کے ملوث ہونے کی نشاندہی ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان میں سے ایک ترلوک سنگھ ولد لکھن سنگھ سکنہ مرادآباد، اترپردیش کی شناخت ہوئی تاہم وہ مفرور تھا۔ بدقسمتی سے ترلوک سنگھ بعد میں ہلاک ہو گیا۔ مرکزی مجرم، آشیش کمار عرف ہنسائی ناتھ ولد جئے سنگھ سکنہ ہاﺅس نمبر /487، گلی نمبر 14، کیلاش پوری ایکسٹینشن، پالم کالونی، ساوتھ ویسٹ دہلی کو حال ہی میں جموں پولیس کی ایک سرشار ٹیم نے ہریانہ کے ضلع جند سے گرفتار کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دونوں ملزمان مختلف ریاستوں جیسے اتر پردیش اور ہریانہ میں چوری، دھوکہ دہی اور قتل سمیت متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث گروہ کے حصے کے طور پر کام کرتے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ آشیش کمار کی گرفتاری کے بعد، تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں، اور اب اس مقدمہ کے سلسلے میں قانونی کارروائی کے لیے مجاز عدالت کے سامنے چارج شیٹ پیش کر دی گئی ہے۔
سینئر پولیس افسران نے تفتیشی ٹیم کی انتھک کوششوں کو سراہا جن کی استقامت اور جدید تکنیکی طریقوں کے استعمال سے یہ اہم پیش رفت ہوئی۔