عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اننت ناگ پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک بین ضلعی منشیات اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 20 کروڑ روپے مالیت کی 2.613 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ہالملہ میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ اِگنس گاڑی زیررجسٹریشن نمبر JK09B-2808کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے دوران گاڑی سے ہیروئن کے چار پیکٹ برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزم کی شناخت اشتیاق احمد مغل ولد عبدالرشید مغل،ساکن ٹنگڈارکے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ برآمدگی کے بعد ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 195/2026درج کرکے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21کے تحت مقدمہ درجکیا گیا۔تحقیقات کے دوران ملزم کواین ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 50کے تحت نوٹس جاری کیا گیا، جس کے بعد اس کی ذاتی تلاشی لینے پر ہیروئن کا ایک اور پیکٹ برآمد ہوا۔
بیان کے مطابق مجموعی طور پر2.613 کلوگرام ہیروئن ضبط کی گئی ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کے ذرائع، منزل اور اس سے جڑے دیگر افراد کاپتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی معتبر اطلاع کو پولیس کے ساتھ فوری طور پر شیئر کریں۔
اننت ناگ میں بین ضلعی منشیات اسمگلر گرفتار، 20 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد