سرینگر// وزیراعظم نریندر مودی 13 جنوری کو گاندربل سونہ مرگ علاقے کا دورہ کریں گے جہاں وہ زیڈ موڑ ٹنل منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔
یہ منصوبہ تقریباً 12 کلومیٹر طویل ہے اور اس پر 2700 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ اس میں سونہ مرگ کی ٹنل، ایک ایسکیپ ٹنل اور اس کے اطراف کی سڑکیں شامل ہیں۔ ٹنل کا مقام 8650 فٹ کی بلندی پر ہے اور یہ سرینگر اور سونہ مرگ کے درمیان ہمہ موسمی حالات میں رابطہ فراہم کرے گی، جو برفباری اور پسی متاثرہ راستوں کو بائی پاس کرتے ہوئے لداخ کے سٹریٹجک علاقے تک محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی ممکن بنائے گی۔
یہ منصوبہ سونہ مرگ کو سال بھر کی سیاحتی منزل میں تبدیل کر دے گا، جس سے سردیوں کے موسم میں سیاحت، ایڈونچر سپورٹس اور مقامی روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
زوجیلا ٹنل کی تکمیل کے بعد جو 2028 میں متوقع ہے، یہ ٹنل سرینگر وادی اور لداخ کے درمیان فاصلہ 49 کلومیٹر سے کم کر کے 43 کلومیٹر کر دے گی، اور گاڑیوں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھا کر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی، جس سے NH-1 کے ذریعے دونوں علاقوں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو گا۔ یہ بہتر رابطہ دفاعی سامان کی ترسیل میں تیزی لائے گا اور جموں و کشمیر اور لداخ کے درمیان معاشی ترقی اور سماجی و ثقافتی انضمام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی اس موقع پر ان تعمیراتی کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اپنی محنت سے بھرپور تعاون دیا ہے۔