جموں// جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو قومی تحفظ کا ستون قرار دیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت مسلح افواج کے مسائل کے حل اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی۔
اکھنور سیکٹر میں ٹانڈہ آرٹلری بریگیڈ کے زیر اہتمام مسلح افواج کے سابق فوجیوں کے دن کی نویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا، “آپ نے اس ملک کے لیے اپنی جان و مال کی پروا کیے بغیر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آپ کی ضروریات اور مسائل کو اولین ترجیح پر حل کریں”۔
اس تقریب میں وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے افواج کے اہلکاروں کو یقین دلایا کہ حکومت جموں و کشمیر ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا، “آپ نے سرحدوں کی حفاظت میں جو خدمات انجام دی ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ہم آپ کو ریزرویشن، مالی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے اور جہاں کوئی کمی رہی ہوگی، اسے دور کریں گے”۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مسلح افواج کے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا اور ان کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا مسلح افواج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین
