عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو دہلی کے لال قلعہ کے قریب گزشتہ ماہ ہونے والے کار بم دھماکے کے سلسلے میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک اور اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس دھماکے میں 11 افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار کیا گیا شخص اس کیس میں اب تک حراست میں لیے گئے ملزمان میں نواں ملزم ہے۔جاری ایک بیان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت یاسر احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع شوپیان کا رہائشی ہے۔ اسے نئی دہلی سے گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ، 1967 (یو اے پی اے) اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، 2023 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ نمبر RC-21/2025/NIA/DLI درج کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یاسر ڈار دارالحکومت میں 10 نومبر کو ہونے والے کار بم دھماکے کی سازش میں سرگرم کردار ادا کر رہا تھا۔ بیان کے مطابق وہ اس سازش میں ایک فعال شریک تھا اور اس نے خودکش کارروائیاں انجام دینے کے لیے بیعت اور حلف لیا تھا۔مزید تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یاسر دیگر ملزمان کے ساتھ قریبی رابطے میں تھا، جن میں عمر النبی بھی شامل ہے جو بم دھماکے کا ہلاک شدہ حملہ آور تھا، اور مفتی عرفان بھی شامل ہے۔
این آئی اے کے مطابق، ایجنسی اس حملے کے پیچھے پوری سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے مختلف مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی طور پر کام کر رہی ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں، این آئی اے نے جموں و کشمیر اور اتر پردیش میں کئی ملزمان اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں، جن سے دوران ڈیجیٹل آلات اور دیگر قابلِ گرفت مواد ضبط کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کارروائیوں سے قبل ہریانہ کے فرید آباد میں واقع الفلاح یونیورسٹی کمپلیکس اور دیگر مقامات پر مرکزی ملزمان ڈاکٹر مزمل شکیل اور ڈاکٹر شاہین سعید کے ٹھکانوں پر بھی اسی نوعیت کی تلاشی کارروائیاں کی گئی تھیں۔
ریڈ فورٹ بم دھماکہ کیس: این آئی اے نے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا